اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 9 ماہ 20 دن کے بعد سنایا جارہا ہے۔ ریفرنس پر پہلی سماعت 14 ستمبر 2017 کو ہوئی جبکہ ریفرنس کا فیصلہ 3 جولائی کو محفوظ کیا گیا ۔
28 جولائی 2017 کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر نواز شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ، فلیگ شپ اور العزیزیہ سٹیل مل ریفرنسز دائر کیے گئے ۔ تینوں ریفرنسز میں سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آج (جمعہ کو) سنایا جارہا ہے، ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِاعظم نواز شریف، مریم نواز ، حسن اور حسین نواز کے ساتھ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ملزم نامزد ہیں۔ عدالت نے عدم حاضری کی بنا پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیدیا تھا۔

