سبق آموز خبر (شیخو پورہ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق ایم این اے سردار عرفان ڈوگر کو دورہ بہالیکے کے دوران مقامی رہائشیوں کی بڑی تعداد نے الیکشن کے بعد 5 سال تل حلقہ میں نہ آنے اور ترقیاتی کام نہ کروانے پر 5 گھنٹے تک اپنے حصار میں لیے رکھا اور تحفظات کا اظہارکیا، رہائشیوں کا کہنا تھا کہ سابق لیگی ایم این اے سردار عرفان ڈوگر نے ووٹ کے تقدس کا پامال کیا اور عوام سے کیے گئے انتخابی وعدوں کا مزاق اڑایا، حلقہ میں ایک بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق ن لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو انتخابی مہم کے دوران خفت کا سامنا کرنا پڑا جب لیگی کارکنان نے آبائی حلقے دکھالی کے دورے کے دوران گو عباسی گو کے نعرے لگائے اور ان کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔ پولیس کی مداخلت پر راستہ ملا۔ن لیگی کارکنان نے بجلی، گیس اور سڑکوں جیسی سہولتیں نہ ملنے پر شاہد خاقان عباسی کے آبائی حلقے پہنچنے پر گاڑی کا گھیراؤ کر کے شدید احتجاج کیا۔h
کارکنان نے گو عباسی گو کے نعرے لگائے اور ان کا راستہ کافی دیر روکے رکھا تاہم پولیس کی مداخلت پر شاہد خاقان عباسی کو راستہ ملا۔اس موقع پر ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سب جانتے ہیں ملکی مسائل صرف ن لیگ ہی حل کرسکتی ہے، مشکلات کے باوجود نوازشریف نے پاکستان کی خدمت کی، اس سے پہلے بھی حکومتیں رہیں لیکن کام نہ ہونے کے برابرہے، کچھ لوگ گیس اوربجلی نہ ملنےپر ناراض ہیں۔ تھوڑاصبرکرلیں، منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی انتخابی مہم کے سلسلے میں آبائی حلقہ دکھالی آئے تھے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ 2006ء میں بھاشا ڈیم کا افتتاح جنرل پرویز مشرف اور چودھری پرویز الہیٰ نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ پاکستان کی قومی سلامتی اور بقا کا مسئلہ بن چکا ہے، چیف جسٹس کی جانب سے بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ سیاستدان جمہوریت کا راگ تو الاپتے ہیں لیکن کتنے افسوس کی بات ہے کہ جو کام سیاستدانوں کا تھا وہ بھی عدلیہ کو کرنا پڑ رہا ہے۔ سیاستدان یہ تو کہتے ہیں کہ چیف جسٹس دخل اندازی کرتے ہیں لیکن دس سال تک سیاستدانوں کو کس نے بھاشا ڈیم بنانے سے روکا تھا۔

